نئی دہلی،3؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا ویکسین کو لے کر وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی اور وزارتِ صحت کے بیان میں تضاد کو دیکھتےہوئے کانگریس قائد راہول گاندھی نے تلخ سوال کرتےہوئے پوچھا ہے کہ کیا سبھی ہندوستانی باشندوں کو کورونا ویکسین مودی حکومت کی طرف سے مفت میں دی جائے گی ؟ راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ مودی حکومت یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ جلد ہی ہندوستان میں کورونا ویکسین دستیاب ہو جائے گی اور کورونا کے قہر سے لوگوں کو نجات مل جائے گی۔ لیکن پی ایم مودی، ان کی پارٹی بی جے پی اور مرکزی وزارت صحت کے بیان میں تضاد دیکھنے کو مل رہا ہے۔
راہول گاندھی نے ٹوئٹ کرتےہوئے لکھا کہ ’’پی ایم نے کہا کہ سبھی کو ویکسین ملے گی۔ بہار انتخاب میں بی جے پی نے کہا کہ بہار کے لوگوں کو مفت میں ویکسین ملے گی۔ اب مرکزی حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ سبھی کو ویکسین ملے گی۔ اب پی ایم مودی بتائیں کہ حقیقی معنوں میں ان کا کیا اسٹینڈ ہے؟‘‘
واضح رہے کہ یکم دسمبر کو اخبارنویسوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے کہا تھا کہ حکومت نے کبھی نہیں کہا کہ پورے ملک کی ٹیکہ کاری ہوگی یا کورونا کی ویکسین دی جائے گی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ہوئے بہار اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں بہار کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اگر بہار میں این ڈی اے کی حکومت بنی تو بہار کے سبھی لوگوں کو مفت میں کورونا کا ٹیکہ دیا جائے گا۔ بی جے پی کے ذریعہ کیے گئے اس اعلان کے بعد کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ اپوزیشن پارٹیوں سمیت عوام نے بی جے پی اور مرکزی حکومت سے سوال کیا تھا کہ کیا صرف بہار کو ہی مفت میں کورونا ویکسین ملے گی۔ اس معاملہ کو لے کر بی جے پی کو زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اب انہی بیانات کو لے کر راہول گاندھی نے وزیر اعظم مودی سے سوال پوچھا ہے کہ وہ بتائیں کہ کورونا ویکسین دستیاب کرانے کو لے کر ان کا اسٹینڈ کیا ہے؟